بابا گورو نانک کے 557ویں جنم دن کی تقریبات، 30 ہزار سکھ یاتریوں کی آمد متوقع

ننکانہ صاحب: بابا گورو نانک کے 557ویں جنم دن (گُرپرب) کی تقریبات کے سلسلے میں پنجاب حکومت نے سکھ یاتریوں کے استقبال اور سیکیورٹی سمیت انتظامات کو حتمی شکل دینا شروع کردی ہے۔ مرکزی تقریب 24 نومبر کو ننکانہ صاحب میں گوردوارہ جنم استھان میں منعقد ہوگی۔

حکام کے مطابق 22 نومبر سے یکم دسمبر تک تقریباً 30 ہزار سکھ یاتریوں کی پاکستان آمد متوقع ہے، جن میں بھارت سے آنے والے تقریباً 3 ہزار یاتری بھی شامل ہیں۔ بھارتی یاتری 22 نومبر کو واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچیں گے۔

یاتری ننکانہ صاحب کے علاوہ فاروق آباد، حسن ابدال، کرتارپور اور لاہور کے مذہبی مقامات کا دورہ بھی کریں گے۔

پنجاب کے متعلقہ محکموں، ضلعی انتظامیہ اور دیگر اداروں نے فول پروف سیکیورٹی، چوبیس گھنٹے پولیس تعیناتی، سی سی ٹی وی نگرانی اور خصوصی صفائی مہم کے انتظامات کا جائزہ لیا ہے۔ اس کے علاوہ ایئرکنڈیشنڈ بسوں، طبی سہولیات، عارضی اسپتالوں، ریسکیو 1122 ایمبولینسز، لنگر، خوراک، بجلی و دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے انتظامات بھی کیے جا رہے ہیں۔

حکام نے ہدایت کی ہے کہ پاکستان آنے والے سکھ یاتریوں کو بہترین مہمان نوازی فراہم کی جائے تاکہ ملک کا مثبت تشخص اجاگر ہو۔

متعلقہ خبریں